مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رائٹرز نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ چند روز کے دوران اپنے اعلی مشیروں کو آگاہ کیا ہے کہ امریکہ ممکنہ طور پر ایران کے خلاف دوبارہ حملے سے گریز کر سکتا ہے، بشرطیکہ اسے تہران یا یمن کی مسلح افواج کی جانب سے نئی اشتعال انگیز کارروائیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹرمپ نے ایران کے خلاف جارحیت کے آغاز سے ہی مختلف بیانات اور دھمکیوں کے ذریعے دعویٰ کیا تھا کہ وہ اس جنگ کے ذریعے ایران کو تسلیم کرنے پر مجبور کر دیں گے۔ تاہم، مختلف ذرائع ابلاغ اس سے قبل بھی رپورٹ کر چکے ہیں کہ امریکی صدر ایران میں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد جنگ کے دلدل سے باعزت طور پر نکلنے کا راستہ تلاش کر رہے ہیں۔
ذرائع نے واضح کیا کہ ٹرمپ کے اس مؤقف کے پیچھے امریکی انٹیلی جنس کی متعدد رپورٹس اور قومی سلامتی کے مشیروں کے ساتھ ہونے والے مختلف اجلاس کارفرما ہیں۔ اس دوران جنگ کے خاتمے کے طریقۂ کار سے متعلق ٹرمپ کے فیصلے کی صورت حال بھی غیر واضح ہے۔
ان ذرائع کے مطابق، ٹرمپ نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان سے بھی ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی نہ کرنے کے حوالے سے ان کی رائے معلوم کی ہے۔ محمد بن سلمان نے 31 اکتوبر جبکہ اردوغان نے 28 اکتوبر سے ہونے والی تین الگ الگ ٹیلی فونک گفتگوؤں میں اس جنگ کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
آپ کا تبصرہ